• news

انسداد بدعنوانی کیلئے پرعزم‘ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں:قمرزمان چودھری

اسلام آباد (ایجنسیاں) چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ کام عزم اور ایمانداری کے علاوہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، نیب زیرو کرپشن سو فیصد ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ وہ نیب ہیڈ کوارٹرز میں تمام شعبوں کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے انسداد بدعنوانی کی جامع اور مؤثر حکمت عملی وضع کی ہے۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں جبکہ سزا کی شرح 76 فیصد ہے، یہ وائٹ کالر کرائم کے خلاف تفتیش میں نمایاں کامیابی ہے۔ نیب نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تمام مقدمات بالخصوص وائٹ کالر کرائم کی تفتیش کیلئے فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے۔ نیب نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ کے ساتھ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ بدعنوانی کی روک تھام کے کام میں ملکی سرحدوں کی قید نہیں، دونوں اداروں کے درمیان تعاون سے بدعنوانی کی روک تھام کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نیب کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ شفافیت اور میرٹ پر مقدمات نمٹائیں۔ منصوبہ بندی کمیشن نے پہلی بار انسداد بدعنوانی کو پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈا میں شامل کیا ہے جبکہ 11 ویں پانچ سالہ منصوبہ میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے ایک باب مختص کیا گیا ہے جو کہ حوصلہ افزاء بات ہے۔ بیورو اپنے تمام وسائل بروئے کار لاکربد عنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ نیب نے بدعنوان عناصر کے خاتمے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے انسداد بدعنوانی کی ایک جامع پالیسی اختیار کی ہے۔ انتظامیہ نے سارک ممالک کے انسداد بدعنوانی کے حکام کے ساتھ بات چیت شروع کی ہے جس میں سارک کے زیراہتمام بدعنوانی فورم کے قیام کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن