پاک بحریہ ماحولیات کی بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی: نیول چیف
اسلام آباد (این این آئی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ماحولیات خصوصاًََبحری ماحول کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی‘ پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں ہما را طریقہ عمل ماحولیات کی بقا اور تحفظ کے سنہری اصولوں اور طریقہ کار کے عین مطابق ہونا چاہیے۔‘ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے پاک بحریہ اپنا کر دار ادا کرتی رہے گی اور اس قومی مقصد کے حصول میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ پیر کو اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (ایو این ای پی) کے تحت ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں ہما را طریقہ عمل ماحولیات کی بقا اور تحفظ کے سنہری اصولوں اور طریقہ کار کے عین مطابق ہونا چاہیے۔ دنیا کے تمام حصوں اور افراد کی جانب سے مثبت ماحولیاتی اقدامات کے حوالے سے عالمی ماحولیاتی دن سب سے بڑاسالانہ ایونٹ ہے جس کا آغاز 1972ء میں ہوا۔ اس سال کا موضوع ہمیں یہ سوچنے کی دعوت دیتا ہے کہ ہمارا قدرت سے کیا رشتہ ہے اور ہم اس پر کس قدر انحصار کرتے ہیں۔ اس طرز کے ایونٹس عوام الناس میں ماحولیات کی اہمیت اجاگر کرنے میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان نیوی محفوظ سمندری ماحول کے حصول کیلئے ہمیشہ کوششیں کرتی رہی ہے تاکہ سمندروں کو صاف شفاف بنایا جاسکے۔ پاک بحریہ ہر سال باقاعدگی سے ماحولیات کا عالمی دن مناتی ہے۔ اس سال پاک بحریہ میں یہ دن 5جون کو منایا گیااس سلسلے میں متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا سرگرمیوں میں اس دن کی اہمیت پر لیکچرز، خصوصی بینرز کی تیاری، مضمون نویسی، نقشہ نویسی کے مقابلے ، بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں میں صفائی کی مہمات شامل تھیں جن میں پاک بحریہ کے علاوہ مقامی افراد نے بھی حصہ لیا۔