افغانستان الزام تراشی نہ کرے اپنے اندر جھانکے:کورکمانڈرز کانفرنس
اسلام آباد (بی بی بی+ نیوز ایجنسیاں) آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پر الزام تراشیوں کی بجائے افغانستان کو اپنے اندر جھانکنے اور مسائل کی نشاندہی اور انہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کی خصوصی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کابل حملے کے بعد افغانستان کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے بلا جواز الزامات اور دھمکیوں کا جائزہ لیا گیا۔ بیان کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں افغانستان کی معاونت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ افغانستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا اور افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ واضح رہے کہ کابل میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان پر ایک بار پھر دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ پاکستان کی عسکری قیادت نے پاکستان پر بلاجواز الزامات اور دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو اندرونی مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے۔ خطے کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ افغانستان کو حقیقی مسائل کی نشاندہی کرکے حل کرنا چاہئے۔ کانفرنس میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف افغانستان کی حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔ پاک فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے مادر وطن کا دفاع کرے گی۔ خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روس کے سفیر نے ملاقات کی جس میں خطے کی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ قبل ازیں افغان صدر نے امن کانفرنس سے خطاب کے دوران پاکستان پر الزام لگایا کہ افغانستان کو پاکستان کی طرف سے غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا ہے ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ پاکستان ہم سے کیا چاہتا ہے، پاکستان کو اس بات پر کس طرح قائل کیا جا سکتا ہے کہ مستحکم افغانستان ان کو اور خطے کو مدد فراہم کرے گا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہورہی۔ افغانستان کے اندرونی حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ کچھ لوگ پاکستان اور افغانستان کے بہتر تعلقات نہیں چاہتے۔ کورکمانڈرز نے بھی کہا ہے کہ افغانستان کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ بین الاقوامی امن کانفرنس میں 28 ممالک کے نمائندے شریک ہوئے۔ کانفرنس میں پاکستان پر الزامات لگائے گئے۔ پاکستان نیک نیتی کے ساتھ افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارینے قطر ایئر لائنز کی مدد سے دوحہ میں پھنسے پاکستانی مسافروں کی وطن واپسی کے انتظامات یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کر دئیے۔ ترجمان کے مطابق مسافروں کو ان کی منزل مقصود پر پہنچانے کیلئے دوسری ایئر لائنز پر ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے دوحہ ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو درپیش مکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر اہل وطن کی بحفاظت وطن واپسی کے اقدامات کرے۔