نذرگوندل تحریک انصاف میں شامل شریف خاندان جے آئی ٹی پر حملے کی تیاری کررہا ہے:عمران
نتھیا گلی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نذر محمد گوندل تحریک انصاف میں شامل ہوگئے، عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ نذر محمد گوندل اور ان کی فیملی کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتا ہوں، مافیا نے ریاستی اداروں کو تباہ کر دیا، دھمکیاں آہستہ آہستہ بڑھتی جا رہی ہیں، حکمران ملک کو لوٹنے میں مصروف ہیں، نواز شریف کرپشن کے گاڈ فادر ہیں، پوری قوم جے آئی ٹی کو دیکھ رہی ہے۔ جے آئی ٹی کو مشکوک بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، پہلے خوشیاں منا رہے تھے اب مسلم لیگ (ن) والے جے آئی ٹی کے پیچھے پڑے ہیں، یہ 1997ء والا دور نہیں، اب کوئی چپ نہیں بیٹھے گا، نواز شریف خاندان کا پہلی بار احتساب ہو رہا ہے، شریف خاندان جے آئی ٹی پر حملے کی تیاری کر رہا ہے، سٹیٹس کو کی جماعتوں نے ملک کے اداروں کو تباہ کر دیا ہے، لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ سٹیٹس کو کے ساتھ رہنا ہے یا تبدیلی چاہتے ہیں۔ میثاق جمہوریت میں طے کیا کہ کیسز نہیں کھولے جائیں گے، پیش گوئی کر رہا ہوں یہ پھنس گئے ہیں، قطری شہزادہ بھی گواہی کیلئے نہیں آ رہا، جمہوریت پسند لوگ پی ٹی آئی میں آئیں گے، بھارت کے خلاف میچ میں نجم سیٹھی کو کھلا لیتے، حسین نواز کی تصویر میں ہے کیا؟ حسین نواز پر سنگین الزامات ہیں کیا یہ شاہی خاندان ہے، مسلم لیگ ن کے بہت سے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے ہیں مگر کارروائی کے ڈر سے آگے نہیں آ رہے، سعودی عرب بھائیوں کی طرح ہے اور ایران پڑوسی ہے دونوں کو اکٹھا کرنا چاہیے، قطر کی صورتحال کے بعد اب مسلمانوں میں بڑی واضح تفریق آ گئی ہے، بھارت سے پاکستان کی شکست سے شائقین کو تکلیف پہنچی، کرکٹ میں سفارشیوں کو آگے لا کر کرکٹ تباہ کر دی گئی، میرے دور میں بھارت پاکستان سے کبھی نہیں جیتا تھا، قومی کرکٹ کو پروفیشنلز کے حوالے کیا جائے، پرانی پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ نذر محمد گوندل نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک میں تبدیلی اور خوشحالی کیلئے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، میری فیملی کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں، مافیا کو لگا دینے کیلئے عمران خان جیسے لیڈر کی ضرورت ہے، ہمارے خاندان کے ساتھ انتقامی کارروائی کی گئی، ظفر گوندل بری ہو گا۔