نہال ہاشمی کا جرم صرف جوش خطابت، پنڈی کا شیطان اداروں میں تصادم چاہتا ہے :رانا ثناء
لاہور (ایجنسیاں) پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی کا شیطان نہال ہاشمی کے معاملے کو اداروں کے درمیان لڑائی قرار دے رہا ہے اور اداروں کو لڑانے کی کوشش کررہا ہے۔ نہال ہاشمی کا جرم میری نظر میں صرف جوش خطابت ہے لیکن(ن) لیگ نے جوش خطابت پر اپنے کارکن کو سیاسی موت سے ہمکنار کیا، پارٹی قیادت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کی اور نہال ہاشمی سے استعفی بھی لے لیا گیا انہیں جو سزا پارٹی نے دی اس سے بڑھ کر اور کوئی سزا نہیں ہوسکتی۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایک ذہانت فروش نے استعفی لینے اور دینے کو ڈرامہ کہا اور اسے سازش قرار دیا۔ نذرگوندل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تو اس جماعت کا اللہ ہی حافظ ہے اگر ایسے لوگ بھی ان کی جماعت میں شامل ہوتے ہیں تو پی ٹی آئی کو تبدیلی کا نعرہ لگاتے شرم آنی چاہیے۔