برطانیہ میں مہاجرین کی آمد کیخلاف بیان‘ جمائما ٹویٹر پر بھائی سے الجھ پڑیں
لندن (این این آئی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ امیگریشن پالیسی کو سخت بنانے سے متعلق بیان دینے پر دنیا کے سامنے اپنے سگے بھائی سے الجھ پڑیں ۔تفصیلات کے مطابق لندن حملوں کے بعد بہن بھائی گزشتہ روز ٹوئٹر پر آمنے سامنے آگئے۔ 36سالہ بین گولڈ سمتھ نے ٹوئٹر اکاوئنٹ پر لکھا کہ ہم نے دریا کیلئے کتنا خون مقرر کر رکھا ہے ؟اور ہمیں کب سمجھ آئے گی کہ بڑی تعداد میں مہاجرین کی آمد سے برطانیہ میں خطرہ بڑھے گا۔ برطانوی لوگوں نے سمجھنا شروع کردیا ہے کہ مسلسل حملوں کے خوف میں اسرائیل میں زندگی کیسی ہو گی ۔بین گولڈ سمتھ نے اینوک پاول کی 1968کی تقریر کے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اینوک ک پاول کے نقطہ نظر کو سمجھنا ہو گا کہ بڑی تعداد میں مہاجرین کی آمد سے خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔اس کے جواب میں جمائما خان نے کہا کہ لوگوں میں ہیجانی کیفیت اور خوف پھیلانے والی خبریں دینے سے کوئی مدد نہیں ملے گی ،لندن بہت محفوظ شہر ہے ۔ برطانیہ میں دہشت گردی سے زیادہ لوگ کتوں کے کاٹنے سے مرتے ہیں ،کتے کے کاٹنے سے ہر سال 18اموات ہوتی ہیں جبکہ دہشت گردی سے ہر سال صرف 1.4لوگ مرتے ہیں ۔جمائما خان نے کہا چار میں سے ایک جہادی سفیدفام یا سیاہ فام شخص ہوتا ہے تو پھر امیگریشن پر پابندیاں لگا کیسے مدد ملے گی؟ایک اور ٹوئٹ میں جمائما خان نے اپنے بھائی کو یاد دلا یا کہ اس کے یہودی دادا بھی جرمنی سے ہجرت کر کے لندن آئے تھے ۔