• news

گرینڈ الائنس: مشرف سے صاحبزادہ حامد رضا کی دبئی میں ملاقات

لاہور (خصوصی نامہ نگار) گرینڈ الائنس کا قیام ملک و قوم کی ضرورت ہے، اپوریشن جماعتوں کا اتحاد حکمران جماعت کی سیاسی موت ثابت ہو گا۔ گرینڈ الائنس کیلئے چاروں صوبوں، گلگت اور آزاد کشمیر میں تمام چھوٹی و بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ رابطے کئے جائیں گے، تیسری سیاسی قوت سامنے لانے کیلئے عید کے بعد اہم اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر و آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سے دوبئی میں ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ملکی حالات اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور گرینڈ الائنس کے قیام کیلئے مشاورت کی گئی۔ پرویز مشرف نے کہا کہ تیسری سیاسی قوت کا سامنے آنا ملک کے مفاد میں ہے۔ پاکستان کو بھارتی حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والے دلیر وزیر اعظم کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ کرپٹ حکمران جے آئی ٹی کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرکے احتساب سے بچ نہیں سکتے۔ پاناما کیس حکمرانوں کے گلے کا طوق بن چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن