پاکستان کے اشاروں پر کام کرنیوالے حریت رہنمائوں سے بات نہیں ہو سکتی: بھارتی وزیر اطلاعات
نئی دہلی (آن لائن) کشمیری حریت قیادت کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت سے انکار کرتے ہوئے اطلاعات نشریات کے بھارتی وزیر ونکا نائیڈو نے کہا ہے تباہی و بربادی پھیلانے والوں سے بات نہیں کی جاسکتی ہم ریاست جموں و کشمیر میں تعمیروترقی کی بنیاد رکھ رہے ہیں اور ایسے عناصر اسے گراکر لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے حریت قیادت کے ساتھ کسی بھی طرح کی بات چیت سے انکار کرتے ہوئے کہا ملک کو نقصان پہنچانے، پاکستان کے اشاروں پر کام کرنے والوں اور ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کو مصائب ومشکلات میں مبتلا کرنے والوں کے ساتھ بات چیت نہیں کی جاسکتی۔ انہوںنے کہا مرکزی حکومت ریاست میں بنیادی ڈھانچے کو تعمیر کررہی ہے اور حریت قیادت نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر تھما کراس ڈھانچے کو تہہ و بالا کررہی ہے اور ایسے عناصر سے بات چیت کیا معنیٰ رکھتی ہے۔