اسحاق ڈار کا ا مریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کو فون علاقائی امن اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے امریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر میک ماسٹر سے ٹیلی فون پر باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم معاملات پر بات کی۔ وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے گفتگو کے دوران علاقائی امن اور سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں مکمل امن اور سلامتی کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کو امن کا گہوارہ بنانے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔