چترال: مسجد کے باہر پولیس اہلکار کے تشدد سے نامعلوم شخص جاں بحق
چترال (نیوز ڈیسک) چترال میں مقامی مسجد کے باہر مبینہ طور پر پولیس اہلکار کے تشدد سے ایک نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔ نامعلوم شخص مسجد میں داخل ہورہا تھا کہ وہاں موجود ایک پولیس افسر نے اس سے اپنی شناخت ظاہر کرنے کا کہا تاہم اس شخص نے پولیس اہلکار کو نظر انداز کیا کیوں کہ اسے نماز میں تاخیر ہورہی تھی۔ جب وہ نماز پڑھ کر واپس آیا تو شناختی دستاویز پر پولیس اہلکار سے تکرار ہوگئی، مبینہ طور پر پولیس اہلکار نے اس کے چہرے پر وار کیا جس سے اس کے ناک سے خون بہنے لگا۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر اس شخص کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص علاقے کا رہائشی نہیں تھا اور جب کسی کی جانب سے اس کی نعش کی حوالگی کا تقاضہ نہ کیا گیا تو اسے مقامی قبرستان میں دفن کردیا گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے تاہم اب تک واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔