تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن عمران کا مقابلہ نیک محمد پینل سے ہوگا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں دو پینل آمنے سامنے آگئے، عمران خان کی قیادت میں انصاف پینل جبکہ نیک محمد خان کی سربراہی میں احتساب پینل میں پنجہ آزمائی ہوگی۔ پولنگ 11 اور 12 جون کو ہوگی، انتخابی نتیجے کا اعلان 13 جون کو کیا جائے گا۔ عمران خان سے چیئرمین کے عہدے کیلئے مقابلہ پر فاٹا سے نیک محمد خان امیدوار کے طور پر سامنے آگئے جبکہ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے جہانگیر ترین کے مدمقابل سیکرٹری جنرل کا الیکشن لڑنے کیلئے منگل کو کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے جبکہ وائس چیئرمین کے عہدے پر سید آفتاب شاہ اور مخدوم شاہ محمود قریشی کے درمیان مقابلہ ہوگا اس طرح پی ٹی آئی کے مرکزی قیادت کے الیکشن کیلئے ایک انصاف پینل عمران خان، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین جبکہ احتساب پینل نیک محمد خان، سید آفتاب شاہ اور ڈاکٹر شہزاد وسیم پر مشتمل ہے۔ 19 مئی کو انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے جاری کیا گیا شیڈول چیف الیکشن کمشنر نے واپس لے لیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سینیٹر اعظم سواتی نے منگل کو دونوں پینلوں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال کی جبکہ آج سات جون کو امیدواروں پر اعتراضات وصول کئے جائیں گے ۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے ملک میں پینل پر انٹرا پارٹی الیکشن کرانے والی تحریک انصاف ملک کی پہلی جماعت بن گئی ہے ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ کے سربراہ اکبر ایس بابر نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہم اس انٹرا پارٹی الیکشن کو نہیں مانتے، عمران خان کو مبارک ہو کہ وہ خودساختہ الیکشن کیلئے مصر کے حسنی مبارک اور زمبابوے کے رابرٹ موگابے کے نقش قدم پر چلے۔