قائمہ کمیٹی تحفظ خوراک و تحقیق کا زرعی قرضے کی حد اڑھائی لاکھ کرنے کی سفارش
اسلام آباد ( صباح نیوز) سینٹ قائمہ کمیٹی برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق کے چیئرمین سینیٹر مظفر حسین شاہ کی صدار ت میں اجلاس میں ساڑھے 12 ایکڑ زمین کے مالکان کیلئے زرعی قرضے کی حد 50 ہزار سے بڑھا کر اڑھائی لاکھ روپے کرنے کی سفارش متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ چیئرمین کمیٹی نے گندم سیمینار کے سربراہ عتیق الرحمان کی طرف سے سندھ میں منعقدہ گندم سیمینار کو ملتوی نہ کرنے اور قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں عدم شرکت پر ناراضگی کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ گندم سیمینار میں زمینداروں کو نہ تو شریک کیا گیا اور نہ ہی مشاورت کی گئی ۔ اگلے اجلاس میں گندم سیمینار کے انچارج وضاحت پیش کریں ۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ پاسکواور صوبہ سندھ کے چیف سیکرٹری ، سیکرٹری فوڈ ، وفاقی وزیر قومی تحفظ خوراک و تحقیق کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے سندھ میں پاسکو کے دفتر کیلئے سرکاری زمین ، گندم کی تقسیم کے معاملات کا قابل عمل حل نکالیں۔