کھلاڑی اور تخت رائیونڈ کو بتا دینگے پی پی کو قوت کیا ہے,بلاول
لاہور(خبرنگار، نوائے وقت رپورٹ ) بلاول بھٹو زرداری نے حسین نواز کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسین نواز کی تصویر میں ایسا کیا ہے جس پر شور مچایا جارہا ہے تصویر میں ایسا کچھ نہیں جس سے مظلومیت ثابت ہو ۔ حسین نواز کی تصویر میں ایسا کیا ہے اس پر اتنا شور مچایا جارہاہے۔ تصویر میں حسین نواز باعزت طریقے سے کرسی پر بیٹھے ہیں‘ قانون کی حکمرانی کے دعویدار تصویر سے مظلومیت ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ٹیبل پر کاغذ، قلم ہر چیز موجود ہے ۔میز پر ٹشو پڑے ہیں جس سے وہ اپنا پسینہ پونچھتے ہوں گے ۔ فیصل آباد ڈویژن کے کارکنوں سے خطاب میں بلاول نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑ کر جانیوالوں کی پرواہ نہیں، ماضی میں کئی آمروں سے ٹکرا چکے، انتہا پسندوں کو للکار چکے، پیپلزپارٹی کے سامنے مسلم لیگ (ن) کچھ نہیں، کھلاڑی اور تخت رائیونڈ کو بتا دیں گے کہ پی پی کی قوت کیا ہے، آنے جانیوالوں کی نہ بی بی کو فکر تھی نہ ہی مجھے ہے، ہمیں صرف کارکنوں کی پرواہ ہے، وہ ہمارے ساتھ اور ہم انکے ساتھ ہیں۔ جیالے جنرل ضیائ، جنرل پرویز مشرف اور القاعدہ سے نہیں ڈرے، جعلی شیروں سے کیا گھبرائیں گے۔بلاول آج8جون کو ملتان کا دورہ کرینگے اور کارکنوں کے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹی میں پیپلزپارٹی کے کارکنان عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقاتیں کرینگے۔