.آئی ایس پی آر کا کوئی واٹس ایپ اکاؤنٹ نہیں‘ وضاحتی بیان
راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سوشل میڈیا پر پاک فوج سے منسوب گردش کرنے والے انتباہی پیغامات کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سوشل میڈیا پر انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے نام سے منسوب چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ سوشل میڈیا پر آئی ایس پی آر سے منسوب جعلی میسجز گردش کررہے ہیں جن میں عوام کو خبردار کیا جا رہا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطہ کرنے کے لئے نمبرز بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ یہ وضاحت بھی کی گئی کہ آئی ایس پی آر کا کوئی واٹس ایپ اکا ئونٹ نہیں ہے اور ادارہ صرف سرکاری ویب سائٹ اور آفیشل اکائونٹ کے ذریعے ہی پریس ریلیز اور اطلاعات جاری کرتا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پیغامات بے بنیاد ہیں اور عوام ایسی افواہوں کو بغیر تصدیق کے آگے نہ بھیجیں۔