• news

نوازشریف کے کہنے پر استعفیٰ دیا نہ واپس لیا‘ مجھے وِلن بنا کر پیش کیا گیا: نہال ہاشمی

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) سینیٹر نہال ہاشمی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مجھے وِلن کے طور پر پیش کیا گیا۔ میری تقریر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ میاں نوازشریف سے متعلق باتیں کرنے والے نادان ہیں، قیادت سے ایک ہفتے سے کوئی رابطہ نہیں۔ میں نے تقریر دیکھی ہے اس میں کہیں بھی توہین عدالت نہیں کی۔ وزیراعظم ہائوس بلایا گیا تھا تاہم وزیراعظم سے ملاقات نہیں ہوئی۔بہت سارے دوستوں نے مجھ پر مختلف الزامات لگائے۔ وزیراعظم ہائوس میں کس سے ملاقات کی یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔ میں 30سال سے پارٹی میں ہوں، کبھی تنخواہ نہیں لی۔ استعفیٰ واپس لے کر میاں نوازشریف کی توہین نہیں کی۔ میاں صاحب سے آخری ملاقات اور رابطہ تب ہوا جب وہ کراچی آئے تھے۔ نہ میاں نوازشریف کے کہنے پر استعفیٰ دیا نہ واپس لیا۔ سوشل میڈیا پر مجھے مشال خان بنانے کی کوشش کی گئی۔ دیگر لوگوں نے بھی بارہا ایسی تقریریں کیں کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ میرا تعلق کراچی کی مڈل کلاس سے ہے اس لئے سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا گیا۔ میں نے کسی کو دھمکی نہیں دی۔ میرے تقریر میں مخاطب جے آئی ٹی نہیں ، بنی گالہ والے تھے۔ میں کل بھی مسلم لیگ (ن) میں تھا آج بھی ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا۔ کچھ لوگ عجلت میں ہوتے ہیں ایسے لوگوں کو تلاش کیا جائے۔ میری تقریر کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن