• news

کلبھوشن کیس‘ 5 رکنی پاکستانی وفد ہیگ پہنچ گیا آج ایڈہاک جج کیلئے تین نام پیش کریگا ہمارا کیس بہت مضبوط ہے:اٹارنی جنرل

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) عالمی عدالت انصاف ہیگ میں کلبھوشن یادیوکے حوالے سے کیس میں اٹارنی جنرل کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد ہیگ پہنچ گیا۔ وفد میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل، بیرسٹر خاور قریشی اور دو وکلاء شامل ہیں۔ معاملے سے متعلق آج عالمی عدالت انصاف میں میٹنگ ہو گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان عالمی عدالت انصاف میں پاکستانی ایڈہاک جج کے لئے تین نام پیش کرے گا۔ ْایڈہاک ججز کے تین ناموں میں سابق چیف جسٹس ناصر الملک ، سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی اور سابق اٹارنی مخدوم علی کے نام شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ایڈہاک جج کے لئے عالمی عدالت انصاف میں نشست خالی تھی۔ کلبھوشن کے مقدمے کی مستقبل میں ہونے والی سماعت کے طریقہ کار کے معاملے پر بات چیت کرے گی۔اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے ہیگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے ہم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ بھارت پراپیگنڈا کر کے غلط فہمیاں پھیلا رہا ہے۔ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے، عالمی عدالت انصاف نے جو سٹے آرڈر دیا ہے وہ ہر کسی کو مل جاتا ہے۔ بھارت کی پاکستان میں تخریب کاری کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں گے۔ بھارت کو پتہ چل جائے گا کہ کیس یہاں لانے سے اسے کتنا نقصان ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن