• news

عمران نے پھر جواب داخل نہ کرایا الیکشن کمشن نے 19 جون تک حتمی مہلت دیدی

اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے ایک بار پھر الیکشن کمشن میں نااہلی‘توہین عدالت اور پارٹی فنڈنگ کاریکارڈ جمع نہ کرایا جاسکا جس پر الیکشن کمشن نے دونوں کیسز میں عمران خان کو حتمی جواب داخل کرانے کیلئے 19 جون تک حتمی مہلت دے دی۔ بدھ کو الیکشن کمشن میں ممنوعہ ذرائع سے پارٹی فنڈز لینے پرعمران خان کی نااہلی اور توہین عدالت کے معاملے پر الگ الگ سماعت ہوئی۔ سماعت کے دور ان عمران خان کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کاریکارڈ جمع نہ کرایا جاسکا۔درخواست گزار ہاشم علی بھٹہ کے وکیل نے الیکشن کمشن کو بتایا کہ آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود پی ٹی آئی کی جانب سے ابھی تک جواب نہیں آیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ جواب داخل کرانے میں سنجیدہ ہیں یا نہیں، تو پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا ایڈووکیٹ شاہد گوندل برطانیہ گئے ہوئے ہیں۔ ان کی وطن واپسی پرجواب جمع کرادیاجائیگا ۔الیکشن کمشن نے عید کے بعد جواب جمع کرانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت بائیس جون تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ درخواست گزار ہاشم علی بھٹہ نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈزلینے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کررکھی ہے۔عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا عمران خان نتھیا گلی میں ہیں ان سے نوٹس سے متعلق بات نہیں ہو پائی جس پر الیکشن کمشن نے عمران خان کو توہین عدالت نوٹس کا جواب دینے کیلئے 19 جون تک کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن