• news

چیمپئنز ٹرافی:سری لنکا ،بھارت آج مدمقابل دونوں ٹیمیں کامیابی کیلئے پرعزم

برمنگھم(سپورٹس رپورٹر ) چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم گروپ بی کا دوسرا میچ آج بھارت کےخلاف کھیلے گی۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گراہم فورڈ نے کہا کہ ان کی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بھارت کےخلاف میچ میں کم بیک کرےگی۔ ٹیم نے پروٹیز کےخلاف میچ میں جو غلطیاں کی ہیں ان سے سبق حاصل کرکے بھارت کے خلاف میچ میں بہتر انداز میں میدان میں اترےگی۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے پہلے میچ میں شکست کے باوجود انکی ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انکی ٹیم پروٹیز کےخلاف ہونےوالی شکست کو بھلا کر بھارت کےخلاف دوسرے میچ میں جیت کے لئے ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔ ٹیم بھارت کو شکست دیکر ٹورنامنٹ شاندار کم بیک کریگی۔ بھارتی ٹیم کے اوپننگ بلے باز روہت شرما نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں اور ٹورنامنٹ کے آئندہ میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ انکی ٹیم فتح کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ میچ میں سری لنکا کو بھی شکست سے دو چار کرینگے۔ وہ پاکستان کے خلاف اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔پاکستان کےخلاف میچ میں عمدہ بیٹنگ کے بعد انکے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ آئندہ میچ میں سری لنکا کےخلاف بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ روہت شرما نے پاکستان کے خلاف ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں 91 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے تھے۔ انکی ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور ٹورنامنٹ کے ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلے گی۔سری لنکا کے خلاف میچ کی تیاری کر لی ہے اور جیت کیلئے میدان میں اتریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن