• news

شیخ رشید پر حملہ منصوبہ بندی سے ہوا‘ مسلم لیگ ن جو کر رہی ہے ہم وہی کرینگے: عمران

سیالکوٹ(نامہ نگار)چیئرمین تحریک انصاف عمرا ن خان نے کہا ہے موٹو گینگ جے آئی ٹی پر حملے کر رہا ہے۔ حسین نواز کی تصویر نکل آئی ہے تو کیا قیامت آگئی ہے۔ شوکت خانم کیلئے فنڈ ریزنگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سپریم کورٹ فیصلے اور جے آئی ٹی کی تشکیل پر مسلم لیگ (ن) نے مٹھائیاں بانٹی تھیں اور اب جب تلاشی شروع ہوئی تو انہوں نے شور مچانا شروع کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کرپشن کے ملزم کی تلاشی لی جا رہی ہے اور لی جانی چاہئے۔ شیخ رشید پر حملہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اپنے امپائروں کے ساتھ کھیلنے کی عادی ہے اور اگر امپائر ان کے ساتھ نہ ہوں تو وہ ویسے ہی کرتے ہیں جس طرح وہ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوںنے شیخ رشید کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے جے آئی ٹی پر لیگی رہنماؤں کی تنقید کے جواب میں پیر کے روز سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے ساتھ پارلیمنٹ کے باہر جو کچھ کیا گیا وہ منصوبہ بندی کے تحت ہوا۔ مجھے مسلم لیگ ن سے اسی چیز کی امید تھی۔ انہوں نے کہا جب جے آئی ٹی بنی تھی تو لیگیوں نے مٹھائیاں بانٹیں اب تلاشی لی جا رہی ہے تو حملے کر رہے ہیں۔ جس طرح جے آئی ٹی پر حملے کئے جارہے ہیں مجھے سپریم کورٹ پر حملے کا وقت یاد آگیا۔وارننگ دے رہا ہوں مسلم لیگ ن جو کر رہی ہے ہم بھی وہی کریں گے۔ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سٹریٹ پاور ہے یہ جس طرف جا رہے ہیں ہم سڑکوں پر آجائیں گے ہماری دھرنوں میں پریکٹس ہو چکی ہے۔ سڑکوں پر نکل کر مسئلہ حل کرائیں گے۔ ان کے پاس جے آئی ٹی میں دینے کیلئے کچھ نہیں ہے اس لئے سارے درباری شریف خاندان کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ ہمیشہ بچتے رہے ہیں لیکن اب نہیں بچیں گے۔ مجھے ان کا مستقبل جیل میں نظر آرہا ہے۔ میرج ہال کے باہر پی ٹی آئی کے کچھ کارکنوں نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے خلاف مظاہرہ بھی کیا اور نعرہ بازی کی۔ کیا حسین شریف اوپر سے اُترا شہزادہ ہے جس کی توہین ہو گئی۔ اے این این کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ’’موٹو گینگ‘‘ پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی پر حملہ آور ہے۔ سارے درباری شریف خاندان کو بچانے میں لگے ہیں مگر مجھے اب شریف برادران جیل کی سلاخوں کے پیچھے آتے دکھائی دے رہے ہیں۔ جے آئی ٹی پر تنقید کرنے والے درباریوں کے منہ بند کرانے کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے۔ شیخ رشید پر (ن) لیگ نے منصوبے کے تحت حملہ کرایا۔ شیخ رشید خود کو اکیلے نہ سمجھیں‘ ان پر حملے کا درباریوں سے حساب لیںگے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے سیالکوٹ سے واپسی پر میاں جی کے ڈھابے پر پڑائو کیا عمران خان کو دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ وہ موسم کی خرابی کے باعث بذریعہ سڑک اسلام آباد جارہے تھے لوگوں نے عمران خان کے ساتھ سیلفیاں لیں اس موقع پر عوام نے حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔

ای پیپر-دی نیشن