• news

پنجاب بنک میں اراضی سنٹرز کے کائونٹر بنیں گے‘ معاہدہ طے‘ جھوٹ کی سیاست کے دن گنے جا چکے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ باشعور عوام بے بنیاد الزامات لگانے والے شکست خوردہ عناصر کو پہچان چکے ہیں اور یہ عناصر پاکستان کی تیز رفتار ترقی اور شفاف ترین منصوبوں سے خائف ہیں۔ ذاتی مفادات کی خاطر سیاست کرنیو الوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ ہماری حکومت نے گزشتہ چار برس کے دوران ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے محنت سے کام کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) سندھ کے شیرازی برادان سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک کا اندھیروں سے روشنیوں کی جانب سفر طے ہونے کو ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کی جانیوالی کاوشیں رنگ لارہی ہیں۔ پاکستان کی تیزرفتار ترقی سے عوام کی ترقی کے مخالفین کو تکلیف ہورہی ہے۔ الزام تراشی اورجھوٹ کی سیاست کسی طورپر بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔گالی گلوچ اوردشنام طرازی دراصل شکست خوردہ عناصرکی ذہنی پسماندگی کی عکاس ہے۔ عوام بے لوث خدمت کرنے والوں اورانتشار پھیلانے والوں کو جان چکے ہیں۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں رمضان پیکیج کے تحت عوام کو فراہم کئے گئے ریلیف اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رمضان بازاروں کیساتھ عام دکانوں پر بھی سستے آٹے کے تھیلے فراہم کیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اوپن مارکیٹ میں بعض دکانوں پر سبز رنگ کے سستے آٹے کے تھیلے نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ اس معاملے کی انکوائری چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کریں گے۔کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول ائیر کنڈیشنڈ مارکی والے رمضان بازاروں کی تعداد بڑھانے کا جائزہ لے۔ اشیائے ضروریہ کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ رمضان بازاروں کے حوالے سے اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی پر باز پرس ہوگی۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ انتظامی اورپولیس افسران سبزی منڈیوں اوررمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دور ے جاری رکھیں۔دورے نہ کرنے کی شکایت کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ شکایت پر متعلقہ افسر کو او ایس ڈی نہیں بنایا جائے گا بلکہ اس کو معطل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پولٹری ایسوسی ایشن سے بات چیت کر کے انڈوں کی قیمتوں میں مزید کمی کرائی جائے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور بنک آف پنجاب کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے، جس کے تحت بنک آف پنجاب کی تمام برانچوں میں اراضی سنٹرز کے کائونٹر کھلیں گے اور ان اراضی سنٹرز پر شہریوں کو فرد کے حصول او راراضی کے دیگر معاملات کے بارے میں تمام سہولتیں ملیں گی۔ محمد شہباز شریف نے کہاکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور پنجاب بنک کے مابین معاہدہ خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت نے دیہی آبادی کا اراضی ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر کے انقلابی اقدام کیا ہے او راب گرداوری کے نظام کو بھی کمپیوٹرائزڈ کرنے کا پروگرام بنایا گیاہے۔ لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے جدید نظام سے پٹواری کلچر کا خاتمہ ہوگیاہے اور گرداوری کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے سے پٹواری کو ہمیشہ کے لئے خدا حافظ کہہ دیں گے پٹواری کی مرضی ہوگی کہ وہ سرکاری ملازمت میں رہنا چاہتا ہے یا پھر لوٹا ہوا پیسہ سرکاری خزانے میں جمع کرا کے نجی زندگی گزارنا چاہتا ہے۔ خدمت سنٹرز پر آنے والے اضافی لوڈ کے مسئلے کے حل او رعوام کی سہولت کے لئے خدمت کے دائرہ کار کو شفاف طریقے سے وسعت دینے کا پروگرام دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ بلا خوف و تردید کہہ سکتاہوں کہ پاکستان میں کہیں بھی ایسا نظام موجود نہیں ہے تاہم، ہم سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے کو تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبوں میں معاونت فراہم کررہے ہیں۔ پٹواری کلچر کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے-پٹواری کو فائنل ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے اب پٹواری کلچر کو ہمیشہ کیلئے خدا حافظ کہہ دیں گے لہذا پٹواری حرام کا کمایا ہوا پیسہ جمع کرا دیں ورنہ میں ان سے یہ پیسہ نکلوائوں گا۔ وزیراعلیٰ سے پاکستان میں برازیل کے سفیرکلاڈیو راجہ گباگلیالنس نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعلقات اورمختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن