لاہور میں موسلادھار بارش‘ 200 فیڈرز ٹرپ شہر تاریکی میں ڈوب گیا
لاہور + فیروزوالا + کامونکے + سادھوکے + اسلام آباد + کراچی + ٹھٹھہ (اے پی پی+ کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ نامہ نگاران + سٹاف رپورٹر + بیورو رپورٹ) ملک میں گزشتہ روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے بجلی کی ڈیمانڈ میں بھی کمی رہی جس سے بجلی کا شارٹ فال کم ہو گیا۔ لاہور میں بارش کے بعد 200فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا ، شہریوں کو افطاری کے دوران گھنٹوںبجلی غائب رہنے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے باعث 200کے قریب فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا ۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو افطاری اور تراویح کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے متعلقہ دفاتر میں معلومات کےلئے ٹیلی فون کئے تو کسی نے ان کی کال ریسیو نہیں کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق آندھی اور بارش کے باعث جوہر ٹا¶ن میں مکان کی چھت گرنے سے تین افراد ملبے تلے دب گئے جن کو امدادی کارروائیوں کے دوران نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ خراب موسم کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا بھاٹی گیٹ‘ جوہر ٹا¶ن‘ ٹا¶ن شپ‘ گڑھی شاہو‘ قصور پورہ‘ شاہدرہ‘ کوٹ لکھپت‘ فیروز پور روڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش رکنے پر فنی خرابی دور کر دی جائے گی۔ کامونکے اور سادھوکے سے نامہ نگاران کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہر اور گردونواح میں نماز تراویح اور فجر کی نماز ادا کرنے والے روزہ دار کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ افطاری و سحری کا کھانا تیار کرنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے بجلی کی آنکھ مچولی سے روزہ دار شدید گرمی کی وجہ سے سارا دن نڈھال رہتے ہیں۔ فیروز والا کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سیکھم نہر میں نہاتے ہوئے نوجوان ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ چوڑا راجپوتان کا رہائشی 20سالہ نوجوان سعید احمد اپنے دوستوں کے ہمراہ گرمی کی شدت کے باعث نہر پر نہانے گئے۔ جہاں پر نوجوان ڈوب گیا۔ ریسکیو کے عملے نے جدوجہد کرکے متوفی کی لاش نکال لی۔ متوفی کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ صوبے کے مختلف شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، وزےرآباد سے نامہ نگار کے مطابق شدےد گرمی مےں غےر اعلانےہ لوڈشےڈنگ دن رات گھنٹوں بجلی غائب‘ بار بار بجلی کی ٹرپنگ سے آلات ناکارہ ہونے لگے۔ بہاولپور اور چولستان میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا‘ اسلام آباد سے اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ملک میں بجلی کی پیداوار 18064 میگاواٹ اور طلب 20589 میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 2525 میگا واٹ ہے۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق بہاولپور اور گردونواح میں گزشتہ روز بارش سے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق بجلی کے بڑے بریک ڈاو¿ن کے باعث شہر کے وسیع علاقے میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی، شہریوں نے موم بتی کی روشنی میں سحری کی، بجلی کی بندش کے باعث شہر میں پانی کی سپلائی بھی متاثر، بجلی کی تعطل پر مختلف علاقوں میں مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی۔ بجلی کے بریک ڈاو¿ن کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، ریلوے کالونی، گارڈن، ناظم آباد، شارع نورجہاں، لیاری، گلبہار، لیاقت آباد، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاو¿ن اور اورنگی ٹاو¿ن کے علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی، 4 گھنٹے بعد بجلی بحالی کا سلسلہ شروع ہوا۔ بجلی کے تعطل کے باعث شہر میں پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی بجلی کے تعطل پر کورنگی نمبر 4 ، شاہ فیصل کالونی میں مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی۔ ٹھٹھہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بجلی کی بڑے پیمانے پر لوڈشیڈنگ سے عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے میں نے آج بھی وفاقی وزیر بجلی و پانی کو دو خطوط لکھے ہیں۔ مکلی پر پیر سید غلام شاہ جیلانی کی وفات پر ان کے ورثا سے تعزیت کرنے کے بعد صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں بجلی کی صورتحال بہتر کرنے کے لئے حکومت سندھ بھی کوشش کررہی ہے ٹھٹھہ میں ونڈ ملوں نے بھی بجلی کی پیداوار شروع کردی ہے دوسرے اضلاع میں بھی بجلی مل لگانے کا کام شروع کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تھر کول پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میںپانی کی قلت ہے جس سے سخت نقصان ہوا ہے پانی کا کوٹہ بڑھانے کے لئے میرا وفاق سے رابطہ تاہم اب صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ سے زیادتی کررہا ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے ، رمضان المبارک میں درجنوں علاقوںمیں سحری اور افطاری کے اوقات میں بھی بجلی بند رہتی ہے۔ دوسری جانب پنجاب اور خیبر پی کے کے بیشتر علاقوں میں آنے والی طوفانی آندھی اوربارش سے بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثرہوا ، بارش اور آندھی کے باعث سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر گئے اور کئی مقامات پر درخت تاروں پر گر گئے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ شام تیز آندھی کے ساتھ آنے والی بارش سے ایک طرف فیڈرز ٹرپ کر گئے تو دوسری جانب کئی مقامات پر درخت تاروں پر گر گئے ۔ بارش رکنے پر فیڈرز کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا تاہم ٹوٹی تاروں کی مرمت کا کام میں تاخیر ہوئی ۔ بڑے شہروں میں افطار و سحر سمیت تراویح کے موقع پر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند رکھا گیا تاہم چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں افطار و سحر کے وقت لوڈشیڈنگ جاری رہی۔
لوڈشیڈنگ / بارش
لوڈشیڈنگ / بارش