تصادم ہوا تو اداروں کے حق میں حکومت کیخلاف مزاحمت کرینگے : بلاول
لاہور (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ادارے ہماری قیادت کی قربانیوں سے بنے ہیں۔ وزارت عظمیٰ، حکومتیں قربان کیں لیکن اداروں کے فیصلے مانے‘ تخت رائیونڈ بھول جائے ادارے قربان کرنے اور ماضی کی تاریخ دہرانے پر چپ نہیں رہیں گے۔ تصادم کی صورت میں اداروں کے حق میں مسلم لیگ ن کیخلاف مزاحمت کرینگے۔ جمعرات کو چیئرمین پیپلزپارٹی نے پارٹی کارکنوں کے مشاورتی اجلاس میں کہا کسی کو اپنے خاندان کے لئے ادارے قربان نہیں کرنے دیں گے۔ ہمارے عدالتی قتل ہوئے لاشیں اٹھائیں لیکن اداروں سے تصادم نہیں کیا۔ اداروں کے ساتھ تصادم کی بجائے ان کے فیصلوں کو مانا۔ عدلیہ کے فیصلوں کے آگے ہم نے پارٹی عہدے تک قربان کئے ہیں۔ ہم تخت رائیونڈ کو اداروں سے ٹکراﺅ کی اجازت اور ماضی کی تاریخ دہرانے نہیں دیں گے۔ کسی کو اجازت نہیں کہ ذاتی مفاد کی خاطر اداروں کو استعمال کریں۔ اگر حکومت نے اداروں کے خلاف تصادم کیا تو ہم حکومت کے خلاف مزاحمت کریں گے اور آئینی اداروں کا ساتھ دیں گے۔ ہم ملک کے آئینی اداروں کے ساتھ ہیں۔ ماضی کو دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر اداروں کی تضحیک ہوئی تو عوام تخت رائیونڈ کی راہ میں دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔ حکومت کی پالیسیاں جمہوریت کیلئے خطرناک ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول ایک روزہ دورے پر ملتان پہنچ گئے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق گورنر مخدوم احمد محمود نے ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ بلاول بھٹو کو ایک قافلے کی صورت میں گیلانی ہاﺅس لایا گیا۔ دریں اثناءشاہ محمود قریشی کے قریبی ساتھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔ رہنماﺅں نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملک حسن راں، سابق ایم پی اے ملک عباس اور سابق ایم پی اے ملک ارشد راں پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔
بلاول