• news

حکمران خاندان کو بچانے کیلئے جے آئی ٹی کومتنازعہ بنایا جا رہا ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قوم کی نظریں جے آئی ٹی کی تحقیقات پر لگی ہوئی ہیں۔کچھ لوگ سوچے سمجھے منصوبے کے مطابق جے آئی ٹی کو متنازع بنانا چاہتے ہیں۔ پانامہ پیپرز میں ہمارے حکمرانوں کا دامن داغدار ہے۔ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ سب کا احتساب ہو اور قومی دولت لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جائے ۔ قطر اور سعودی عرب کے درمیان تنازعہ امت کے لیے پریشانی کا باعث ہے ۔ پاکستان عالم اسلام کو جوڑنے کی تحریک شروع کرے ۔ قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ میں پاکستان کو تماشائی بننے کی بجائے آگے بڑھ کر مسئلے کاحل نکالناچاہیے ۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کچھ لوگ جے آئی ٹی کی تحقیقات کو روکنے اور حکمران خاندان کو بچانے کے لیے جے آئی ٹی کومتنازعہ بنانے کے منصوبے پر کاربند ہیں وہ نہیں چاہتے کہ جے آئی ٹی حکمران خاندان کی کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کو قوم کے سامنے لائے ۔ جب تک عدالتوں کو کام کرنے کاموقع نہیں دیا جائے گا ، احتساب کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ قوم چاہتی ہے کہ ملک سے کرپشن ، بددیانتی ،بدامنی ، غربت مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا خاتمہ ہو اور پاکستان بھی ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑا ہو سکے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن