پاک بحریہ نے سمندروں کا دن جوش و خروش سے منایا، لیکچرز، سیمینارز کا انعقاد
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سمندر وں کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور سمندروں کے تحفظ اور بقاءسے متعلق پاک بحریہ کے افسروں اور جوانو ں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پاکستان نیوی میں آج سمندروں کا عالمی دن نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ سمندروں کا عالمی دن ہر سال اقوام ِمتحدہ کی زیر سرپرستی ساری دنیا میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد سمندروں کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا خصوصاََسمندروں اور سمندری وسائل کے بہترین استعمال سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ پاکستان نیوی نے ملک کی سمندری حدود کی واحد نگہبان اور محافظ ہونے کی حیثیت سے یہ دن نہایت جوش و خروش سے منایا۔ دن کی مناسبت سے پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں مختلف سرگرمیوں کا انعقا د کیا گیا تھا جن میں خصوصی لیکچرز، سیمینارز، کوئز شوزاور مضمون نویسی کے مقابلے شامل تھے۔ علاوہ ازیں نیوی کے ساحلی یونٹس میں تعینات پاک بحریہ کے جوانوں کی جانب سے ساحل ِسمندر کی صفائی اور منوڑہ اور سی ویو پر عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی واک کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔اس موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو 1000کلو میٹر سے زیادہ طویل ساحل، وسیع خصوصی اقتصادی زون اور حیاتی اور غیر حیاتی وسائل سے مالا مال کونٹینینٹل شیلف سے نوازا ہے ۔ پاکستان نیوی سمندروں کے مفید استعمال کی ضرورت اور اہمیت کی ہمیشہ حامی رہی ہے تاکہ آئندہ نسلیں بھی ان بیش بہا خزانوں سے استفادہ کرسکیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی سمندروں کے تحفظ اور بقاءکے حوالے سے کی جانے والی عالمی اور قومی کاوشوں میںموثر کردار ادا کرتی رہے گی۔