• news

انسداد بدعنوانی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان گذشتہ سال کے مقابلہ میں 2016-17ءمیں عالمی اقتصادی فورم کے مسابقتی اشاریوں میں 4 درجہ بہتری سے 122 ویں نمبر پر آ گیا ہے، نیب کی انسداد بدعنوانی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان کی درجہ بندی میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشال اور عالمی اقتصادی فورم کے نمائندے عامر جہانگیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب افسران معاشرہ سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کی بدعنوانی کی روک تھام کے حوالہ سے درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر مشال اور عالمی اقتصادی فورم کے نمائندے عامر جہانگیر نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم کی 2016-17ءکی سالانہ عالمی اقتصادی رپورٹ کا نمایاں پہلو یہ ہے کہ ایسے ادارے جن میں اصلاحات کی گئی ہیں اور ان کا متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطہ ہے ان میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی کارکردگی کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن