صومالیہ : الشباب کا فوجی اڈے پر حملہ، 70افراد ہلاک ، متعدد زخمی
موغادیشو (نوائے وقت رپورٹ) صومالیہ میں سرگرم شدت پسند تنظیم الشباب نے فوجی اڈے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 70 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ الشباب کی جانب سے صومالیہ کی نیم خودمختار ریاست پنٹ لینڈ میں قائم فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے حملے کے دوران عام شہریوں کے گلے کاٹے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ صومالیہ کے حکام اسے سال کا بدترین دہشت گرد حملہ قرار دے رہے ہیں۔ صومالیہ کے کمرشل جب کہلانے والے علاقے بوساسو سے 100 کلومیٹر مغرب کی جانب واقع فوجی کیمپ ’اف ارور‘ پر پہلے ایک دھماکہ کیا گیا جس کے بعد شدت پسند اس کے اندر داخل ہو گئے اور فوجیوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ فوجی اڈے کے قریب مقیم افراد نے بتایا کہ حملے کے دوران شدت پسندوں نے سامنے آنے والے ہر شخص کو بے دردی سے قتل کیا۔ حملہ آوروں میں خودکش بمبار بھی شامل تھے جنہوں نے تین اطراف سے فوجی اڈے پر حملہ کیا جس کی وجہ سے فوج کو پیچھے ہٹنا پڑا۔