ایشیائی بنک کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد ( نما ئندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر شیاﺅآنگ ےانگ نے وزیر خزانہ اسحق ڈار کو خیرسگالی کیلئے ملاقات کی، وزیر خزانہ نے پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران ایشیائی ترقیاتی بنک کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ گزشتہ تین سال کے دوران ا یشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے جو قابل تعریف ہے ،امید ہے کہ مستقبل میں سرمایہ کاری میںمذید اضافہ ہو گا،وزیرخزانہ نے شراکت داری میں مکمل تعاون کا یقین دلایا، انہوں نے ا یشیائی ترقیاتی بنک کی جولائی 2017 میں اسلام آباد میں پچاس سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔ ملاقات کے دوران وزارت خزانہ کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے او ای سی ڈی کے بیس ایروژن اور پرافٹ شفٹنگ بارے کثیر جہتی کنونشن پر پاکستان کی جانب سے دستخط کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرحد پار ٹیکس چوری کی روک تھام کے حوالہ سے پاکستان کے مضبوط عزم کا عکاس اور خوش آئند ہے۔ پاکستان نے بدھ کو پیرس میں بیس ایروژن اور پرافٹ شفٹنگ کی روک تھام کیلئے ٹیکس سے متعلق اقدامات کے بارے میں کثیرجہتی کنونشن پر دستخط کئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے او ای سی ڈی کے ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت کے کثیر الجہتی کنونشن پر بھی ستمبر 2016ءمیں دستخط کئے تھے۔ چیف آف انٹرنیشنل ٹیکسز ایف بی آر نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل او ای سی ڈی ڈوگلس فرانٹس، پاکستان میں فرانس کے سفیر اور او ای سی ڈی کے گلوبل فورم سیکرٹریٹ کے سربراہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممبران کیلئے رول ماڈل بن چکا ہے جس نے انتہائی مختصر مدت میں اہم پیشرفت کی ہے۔