ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے : فوزیہ سعید
لاہور(خصوصی رپورٹر) بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ ایک انسان کی جان بچانا گویا پوری انسانیت کی جان بچانا ہے۔ ہلال احمر دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ ان خیالات کااظہار ہلال احمر کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ سعید نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان میں نظریاتی سمر سکول کے 17ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے چوتھے روز ’’کیا بچے بھی سماجی کاموں میں حصہ لے سکتے ہیں‘‘ کے موضوع پر طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ہلال احمر کے ممبران ڈاکٹر آمنہ قریشی اور راناسہیل نصیر، تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن مرزا احمد حسن اور پروفیسر ڈاکٹر پروین خان بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا ۔اس سکول کا ماٹو’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ ہلال احمر ایک فلاحی ادارہ ہے جس کی شاخیں تقریباً دنیا کے ہر ملک میں موجود ہیں ۔اس ادارے کا مقصد بلا تفریق مذہب ہر انسان کی خدمت اور مدد کرنا ہے۔ آپ بچے بھی بڑے ہو کر اس تنظیم میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ریڈکراس سوسائٹی کے قیام و تنظیم کی ضرورت کا احساس عام کرنے کا سہرا سوئٹزلینڈ کے ایک شہری ڈوننٹ کے سر ہے۔ اس نے ایک کتابچے میں جنگ کی تباہ کاریوں کا ذکرکرتے ہوئے زخمی ہو جانے والے ان سپاہیوں کی حالت زار خاص طور پر بیان کی تھی جو طبی امداد سے محرومی کے باعث سسک سسک کر مر گئے۔ ڈوننٹ نے دنیا بھر کے ملکوں سے اپیل کی کہ وہ جنگ میں زخمی ہونے والوں کی خبر گیری اور علاج معالجے کا کوئی موثر انتظام کریں۔ چنانچہ بعدازاں یہ ادارہ قائم کیا گیا۔