سرکاری حج سکیم، ویٹنگ لسٹ میں شامل،17 ہزار 563 درخواست دہندگان کامیاب قرار
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزارت مذہبی امور کے تحت سرکاری سکیم میں ’’ویٹنگ لسٹ‘‘ میں شامل 17563 درخواست دہندگان کو سپریم کورٹ کے حکم پر کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا ہے، اطلاع بذریعہ خطوط اور ایس ایم ایس خوش نصیب افراد تک پہنچائی جائے گی۔ سرکاری اسکیم کے تحت 10 فیصد کوٹے کا فیصلہ عدالتی احکامات سے مشروط ہونے پر درخواستگزاروں کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا تھا، رواں سال 3 لاکھ 38 ہزار 696 خواہشمندوں نے سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کامیاب قرار پائے، 40 فیصد کوٹے کے تحت 71 ہزار 684 عازمین پرائیویٹ حج ادا کریں گے۔