• news

ملک نور اعوان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد‘ ضمانت منظور

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے جھگڑا کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کر لی ہے ۔ پولیس نے مسلم لیگ (ن )جاپان کے صدر ملک نور اعوا ن کو اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ حیدر شاہ کی عدالت میں پیش کر کے ملزم سے تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ مقدمہ کے مدعی شیخ رشید احمد کے وکیل نے بھی ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی درخواست کی تاہم ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر میں درج تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔ ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر کے ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کر دیئے۔ شیخ رشید نے ملزم کی جانب سے پارلیمنٹ کے گیٹ پر روک کر بیس سال قبل خریدی گئی گاڑی کے بائیس لاکھ روپے اداکرنے کا تقاضہ کرنے کے بعد ملزم کے خلاف گزشتہ روز مقدمہ درج کرایا تھا۔ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ معاملے کو پہلے بھی اٹھایا لیکن شیخ رشید نے رابطہ نہیں کیا۔ بعد میں سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ ملنے کے باعث شیخ رشید نے جاپان میں بھی ہمیں بڑا تنگ کیا تھا، کئی بار شیخ رشید کو فون اور خط لکھا لیکن جواب نہیں ملا۔ شیخ رشید کو سلام کیا اور پیسے مانگے، میں نے ایف آئی آر درج کرائی تھی اور مجھے ہی تھانہ میں بند کردیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ اپنا حق حاصل کرنے کیلئے ہر سطح پر جائوں گا۔ بغیر کسی ثبوت کے مجھ پر ایف آئی آر درج کی گئی حلفیہ کہتا ہوں مجھے کسی نے نہیں کہا یہ میرا ذاتی معاملہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن