فیروزوالا: اوباش ہمسائے کی ساتھی سے ملکر اجتماعی زیادتی، یتیم لڑکی دم توڑ گئی
فیروز والا+ جوئیانوالہ+شیخوپورہ (نامہ نگاران) تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ بنگلہ خان پور میں اوباش نوجوان نے ساتھی سے مل کر پندرہ سالہ یتیم لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ لڑکی دم توڑ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ بنگلہ کالونی خان پور کے رہائشی مرحوم اصغر علی بھلر کی پندرہ سالہ بیٹی غزالہ پروین گھر میں موجود تھی کہ اوباش ہمسائے ذوالفقار نے اپنی بھاوج شاہین کے ذریعے گھر بلایا اور اپنے دوست بلال سے مل کر لڑکی کو کینال ریسٹ ہائوس نامی ویران عمارت میں لے گیا جہاں دونوں نے لڑکی کو درندگی کا نشانہ بنایا اور بے ہوشی کی حالت میں گھر کے باہر پھینک کر فرار ہو گئے۔ لڑکی کے ورثاء اور محلے دار اسے ہسپتال لے کر جا رہے تھے راستے میں دم توڑ گئی۔ مقتولہ کے ورثاء اور شہریوں نے سڑک پر ٹریفک بلاک کر دی اور احتجاج شروع کر دیا جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں تاہم پولیس حکام کی طرف سے ملزموں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرہ نے احتجاج ختم کر دیا۔ پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔