• news

جے آئی ٹی کی تفتیش درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے: سپریم کورٹ

اسلام آباد ( صباح نیوز)سپریم کورٹ نے پانامہ عملدرآمد کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل عمل درآمد بینچ نے 7 جون کی سماعت کے تحریری حکم نامے میں جے آئی ٹی سے حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کے معاملے پرجواب طلب کیا گیا ہے اور معاملہ پیر 12جون کو دن ایک بجے سماعت کے لئے مقرر کیا گیا ہے جبکہ پانامہ لیکس کیس کے فیصلے پر عمل درآمد کے معاملے میں آئندہ سماعت 22جون کوہوگی ۔تحریری حکمنامے میں قرار دیا گیا جے آئی ٹی کی تفتیش درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ توقع ہے کہ مقررہ وقت کے اندر تفتیش کا عمل مکمل ہوجائے گا۔حکم نامے میں تصویر لیک ہونے کے بارے میں حسین نوازکی درخواست کو منظور کرتے ہوئے جے آئی ٹی سے جواب طلب کیا ہے اور کہا گیا جے آئی ٹی کے سربراہ نے سربمہر رپورٹ پیش کی ۔ رپورٹ میں مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جے آئی ٹی تحقیقات میں درپیش مسائل اور رکاوٹوں سے متعلق الگ درخواست دائرکرے۔عدالت نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو سیل کر کے رجسٹرار کو جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن