• news

نیا پاکستان بنانے کے دعویدار پرانے کا بھی بیڑا غرق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں 220 ارب روپے کے قومی وسائل بچائے ہیںاور پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اربوں روپے کی ایسی بچت کی کوئی مثال موجود نہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور اربوں روپے کے قرضے ہڑپ کئے اورآج یہ عناصر اپنی پارسائی کا دعوی کر کے سب کے سامنے غلط بیانی سے کام لیتے ہیں۔ وہ پنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے میں وزیر اعلیٰ نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے اور مخالفین بھی ہمارے منصوبوں میں شفافیت پر انگلی نہیں اٹھا سکتے۔ یہ سال عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے اور حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی کیونکہ سانس میں سانس ہے، میں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ فلاح عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں اور تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے۔ اب پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں، صرف خدمت کی سیاست ہوگی اورعوام آئندہ الیکشن 2018ء میں بھی کارکردگی ،دیانت ،محنت اورشفافیت کی سیاست کوکامیاب کرائیں گے۔پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی اورنیا پاکستان بنانے کے دعویدارپرانے پاکستان کا بھی بیڑا غرق کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن عوام اب ان شکست خوردہ عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ دور آمریت میںپنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے قومی وسائل کی لوٹ مار کرکے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کیا ملتان ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور جنوبی پنجاب کا حصہ آبادی کے تناسب سے کافی زیادہ رکھا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام میرے دل کے قریب ہیں اور اس خطے کی ترقی و عوام کی خوشحالی کے لئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔ ملتان کیلئے انہوں نے سیف سٹی پراجیکٹ اور لودھراں میں دانش سکول کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے ساتھ بہاولپور میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ کا اجراء کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے میرٹ ، شفافیت اور دیانت کو فرروغ دیا ہے اور صوبے میں اقربا پروری، کرپشن اور سفارش کے کلچر کا خاتمہ کیا گیا ہے، امن عامہ کو بہتر بنانے کے حوالے سے ملک کی تاریخ میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے تاریخ ساز سرمایہ کاری کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نشتر ہسپتالII کے قیام کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جنوبی پنجاب کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن