بدعنوانی کا خاتمہ، لوٹی رقم وصول کرنا اولین ترجیح ہے: چیئرمین نیب
اسلام آباد (این این آئی)نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، نیب بلاامتیاز زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے جسے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی، 2014ء نیب کی بحالی کا سال تھا، نیب کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے نیب کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی خامیوں کے تفصیلی تجزیہ کے بعد اصلاحاتی پروگرام سے نیب کو فعال بنا دیا گیا ہے اور نیب شفافیت اور پیشہ واریت پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے مشترکہ تحقیقاتی کا ٹیم کا نظام وضع کیا ہے، عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا، انکوائریوں اور انوسٹی گیشن کو نمٹانے کیلئے عرصہ مقرر کیا گیا ہے، استعداد کار میں اضافہ کیلئے تربیتی پروگرام اور دیگر اقدامات کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، جزوی مقداری گریڈنگ نظام اور ادارہ جاتی احتساب کے نظام سے کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، چیئرمین نے ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیا۔ ایسے اقدامات سے نیب کو مؤثر اور فعال ادارہ بنانے میں مدد ملے گی۔