کنٹرول لائن پر فائرنگ 70 سالہ شخص شہید بھارت خطے کا امن خطرے میں ڈال رہا ہے:دفتر خارجہ
راولپنڈی‘ اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 70 سالہ شخص شہید ہو گیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی پر بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر چری کوٹ سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس سے شبیر احمد شہد کر دیا گیا۔ پاکستانی فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس پر بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں۔ بھارتی فوج نے راولا کوٹ میں ایل او سی پر عباس پور اور بٹل سیکٹر پر بھی گولہ باری کی جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو گئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بھارتی اشتعال انگیزی پر بیان اور افطار پارٹی سے خطاب میں کہا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے چری کوٹ سیکٹر میں شہری شہید ہو گیا۔ بھارت جان بوجھ کر ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اشتعال انگیزی سے بھارت خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔کشمیر کے مسئلے پر ہم سب ایک ہیں۔ کشمیر میں شہادت کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارتی فوج کشمیر پر مسلط ہے۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر مستقل لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے تمام مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ رمضان کے 14 دنوں میں 22 کشمیری شہید کئے گئے۔ مقبوضہ کشمیر میں کچھ لوگوں کو غائب کر دیا گیا ہے۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رہے گی۔ بھارت کی جانب سے شہری علاقے کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔