ہر محاذ پر خطرات کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، آرمی چیف نے بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کے حوصلے اور عزم کی تعریف کی۔ گزشتہ روز انہوں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا، مقامی کمانڈروں نے آپریشنل تیاریوں بارے بریفنگ دی، جنرل باجوہ نے فوج کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی، آرمی چیف کو بھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کے بارے میں بھی تفصیل سے بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے فوج پوری طرح آگاہ ہے، پاکستان ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ آرمی چیف نے کہا بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا، پاک فوج ہر محاذ پر درپیش خطرات کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، وطن کو درپیش دفاعی اور سلامتی کے چیلنجز سے آگاہ ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا، پاک فوج وطن کو درپیش دفاعی اور سلامتی کے چیلنجز سے آگاہ ہے، پاک فوج ہر محاذ پر درپیش خطرات کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے حمایت جاری رکھیں گے، بھارتی جارحیت کے خلاف کشمیریوں کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران کے مورال اور مشن کی تکمیل کے لئے فوج کے عزم کو سراہا۔ افسران اور جوانوں سے بات چیت میں آرمی چیف نے ان کی پیشہ ورانہ مستعدی کو سراہتے ہوئے بلند حوصلے اور ہمت کی تعریف بھی کی۔ ایل او سی پر تعینات دستوں نے آرمی چیف کو بھارتی مظالم اور معصوم شہریوں کو ہدف بنانے سے متعلق اپنے احساسات سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔