کوہلو ‘ کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں مارٹر گولے بارودی سرنگیں برآمد: میانوالی‘100 ملزم گرفتار
کوئٹہ+ میانوالی (صباح نیوز+ نامہ نگار) بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کرلیا۔ گزشتہ روز کوہلو کے علاقے کاہان میں ایف سی اور حساس اداروں کی جانب سے کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظم کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اورمارٹرگولے برآمد کیے گئے۔ کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے تخریبی مواد کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں استعمال کرنے کے غرض سے چھپا رکھا تھا۔سکیورٹی فورسز کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد شدہ بارودی مواد میں39مارٹر گولے،12بارودی سرنگیں، 5اے ٹی ایم اور11اے ایم ایم فیوز سمیت4سوئچ فیوز اور پرائما کارڈ سمیت دیگر مواد برآمد کیا گیا۔ تھانہ سٹی، موچھ، واں بھچراں، کندیاں، کالاباغ اور کمرمشانیکے مضافاتی علاقوں میں پولیس کا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن۔دوران سرچ آپریشن تعلیمی و دینی مدارس، مکین افرا د کے گھروں پشتون خیمہ بستیوں کو چیک کیا تمام افراد کی رجسٹریشن اور کوائف چیک کیے۔ جس میں کرایہ داری ایکٹ ، اسلحہ ومنشیات و دیگر قوانین کے تحت تلاشی عمل میں لائی گئی۔ تھانہ موچھ پولیس نے کلیم اللہ سے 1380 گرام چرس ‘ تھانہ کندیاں نے مہربان سے 450 گرام تھانہ کمرمشانی پولیس نے طارق زمان سے 1785 گرام برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔تھانہ کندیاں پولیس نے 2 عدالتی مفرور محمد یقوب ، محمد سعید کو گرفتار کر لیا 8 افراد سے ناجائزاسلحہ،کلاشنکوف ،پستول، بندوق ، پستول اورکارتوس40برآمد کیے۔160گھروں کو چیک کرکے200 افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی 100مشتبہ افراد کو زیر حراست لیا۔ جنکی انٹروگیشن جاری ہے۔