صوبائی خود مختاری، 18 ویں ترمیم کو رول بیک کیا تو وفاق پر غلط اثرات ہونگے: رضا ربانی
کراچی (این این آئی) قائم مقام صدر مملکت رضا ربانی نے کہا ہے صوبائی خودمختاری یا 18 ویں ترمیم کو رول بیک کیا گیا تو وفاق پر غلط اثرات مرتب ہوں گے ۔18 ویں ترمیم کے کچھ نکات پر عمل ہوا ہے باقی پر عملدرآمد کیلئے سی سی آئی سمیت دیگر فورمز پر آواز اٹھانی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سندھ اسمبلی میں ایدھی فاؤنڈیشن کو سینٹ کی جانب سے 3 ایمبولینس گاڑیاں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ،سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ،ایدھی فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی فیصل ایدھی اور دیگر بھی موجود تھے ۔فیصل ایدھی نے قائم مقام صدر رضا ربانی اور سابق وزیر اعلی قائم علی شاہ اور دیگر کو ایدھی کا یاد گاری سکہ پیش کیا ۔قائم مقام صدر رضاربانی نے کہا سینیٹ کی جانب سے ایدھی فائونڈیشن کو 3 ایمولینس گاڑیاں دی جا رہی ہیں۔ ریاست غریب لوگوں کا کام پورا کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ ریاست کا کام ایدھی ٹرسٹ کر رہا ہے ۔ مجھے بے انتہا خوشی ہے ایدھی ٹرسٹ ان لوگوں کے لئے کام کر رہا ہے جو لوگ ریاست اور اشرافیہ کو نظر نہیں آتے ۔ انہوںنے کہا اس وقت مسلم امہ کی صورت حال افسوسناک ہے ۔ 60 فیصد مسلم امہ کے لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذار کررہے ہیں ۔ 20 لاکھ افراد دہشتگردی اور جنگوں میں شہید ہوئے جبکہ 50 ملین مسلمان پناہ گزین کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ۔ انہوںنے کہا اسلامی ملکوں کو گروہی اختلافات میں الجھایا جارہا ہے۔ مسلم ممالک میں غربت اور ناخواندگی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مسلم امہ آپس میں دست و گریباں ہیں ۔ انہوںنے کہا سعودی عرب ، قطر اور دیگر اسلامی ممالک کو بات چیت کے ذریعہ اپنے مسائل حل کرنے ہوں گے۔ پاکستان مسلم امہ میں اہمیت رکھتا ہے ۔ اس کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں فریق نہ بنے بلکہ مسلم امہ کے اختلافات دور کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوںنے کہا سینیٹرنہال ہاشمی کے استعفیٰ کے حوالے سے تفصیلات صدر ممنون حسین کی وطن واپسی کے بعد بتا ؤں گا کہ کن وجوہات کی بناء پر ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا گیا ۔