• news

لاہور کی عدالت میں نہال ہاشمی کیخلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ کی درخواست

لاہور(اپنے نامہ نگار سے+صباح نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس کو رپورٹ پیش کرنے کیلئے فریقین کے وکلا کو بحث کیلئے طلب کرلیا۔ ایڈیشنل سیشن جج نے وکیل عمران بھٹہ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا سماعت کے دوران تھانہ اسلام پورہ نے رپورٹ جمع کرادی جس میں بتایا گیا کہ نہال ہاشمی کی تقریر تھانے کی حدود میں نہیں ہوئی اور جس علاقے میں یہ تقریر ہوئی وہ اسلام پورہ تھانے کی حدود میں نہیں۔ درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے دھمکی آمیز تقریر کی اور مسلم لیگ ن کے رہنما کی تقریر سے اعلیٰ عدلیہ کی تضحیک ہوئی، درخواست گزار کے مطابق نہال ہاشمی کے بیان سے جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی نہال ہاشمی کی تقریر ریاستی اداروں کے خلاف ہے عدالت نے درخواست پر کارروائی 13 جون تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں کراچی کی مقامی عدالت نے ن لیگ کے سنیٹر نہال ہاشمی کے خلاف درج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ شامل کرنے کی درخواست پر تفتیشی افسر کواحکامات جاری کردیئے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ نے تفتیشی افسر کو احکامات جاری کردئیے۔

ای پیپر-دی نیشن