• news

مائنس ون فارمولا پہلے منظور تھانہ اب ہو گا: عابد شیر علی

فیصل آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ مائنس ون فارمولا نہ پہلے منظور تھا نہ اب منظور ہے ‘ میاں محمد نوا ز شریف ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک و قوم کی خدمت کرتے ہیں ‘ نواز شریف کے بغیر ملک میں کسی کو سیاست نہیں کرنے دینگے‘ عمران خان نے نتھیا گلی میں ڈرائی کلین کی دکان بنا رکھی ہے ‘ جہاں پیپلز پارٹی کے کرپٹ افراد کو نہلا دھلا کر پاک صاف کرکے تحریک انصاف میں شامل کیا جا رہا ہے ‘ پیپلز پارٹی کا دوسرا نام تحریک انصاف بن چکا ہے ‘ سوئیٹز ر لینڈ میں اکائونٹ کھلوانے والے سرے محل خریدنے والے آج کس منہ سے نواز شریف پر انگلی اٹھا رہے ہیں ‘ پیپلز پارٹی مت بھولے کہ آف شور کمپنیوں میں بے نظیر بھٹو کا بھی نام تھا ‘ اس پر کبھی بلاول سے حساب نہیں مانگا گیا مگر یہ لوگ نواز شریف کے والد کی قبر کا بھی ٹرائل کرتے ہیں ‘ کان کھول کر سب سن لیں کہ نواز شریف کے بغیر ملک میں سیاست نہیں چلے گی ‘ وہ یہاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کی پہلی بار تلاشی پر آف شور بیوی ‘ دوسری تلاش پر آصف شور بیٹی اور تیسری تلاشی پر آف شور زکوۃ کا مال نکلا تھا ۔ زرداری کے علاوہ ساری پیپلز پارٹی تحریک انصاف میں شامل ہو گئی ہے ۔ سپریم کورٹ میں لوگوں کو عزت دی جاتی ہے احترام کیا جاتاہے۔ یہ لوگ تھانوں سے بد تر سلوک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے دوبارہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کے خلاف سازشیں شروع کرتے ہوئے ریاستی اداروں پر دبائو ڈالنا شروع کر دیا ہے ‘ نواز شریف ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں ‘ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کا کام ثبوت لانا ہے تضحیک کرنا نہیں ہے ‘ حسن نواز اور حسین نواز ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں ‘ جب بھی بلائیں گے پیش ہونگے‘ ان کی تضحیک درست عمل نہیں ہے۔ جے آئی ٹی کو تھانہ نہ بنائیں ‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عزیز بلوچ اور ایان علی پر جے آئی ٹی بنائی جائے اور ان کے پیچھے جو لوگ ہیں ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے ۔ قبل ازیں انہوں نے انجمن تاجران سٹی کی طرف سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کی تلاشی ہو گئی اب عمران خان کی باری ہے‘ اب اسے بھاگنے نہیں دیں گے‘ عمران خان کا چور دروازے سے حکومت میں آنے والے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ اب انہیں خوابوں کی دنیا سے باہر آجانا چاہئے۔ چوہدر ی عابد شیرعلی نے کہا کہ اب عمران خان کا ہر محاذ پر مقابلہ ہو گا‘ اگر سڑکوں پر آیا تو سڑکوں پر مقابلہ ہو‘ اگر پارلیمنٹ میں آیا تو پارلیمنٹ میں اس کا مقابلہ کریں گے‘ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو گالی گلوچ کی سیاست شروع کر رکھی ہے عوام 2018 ء میں اس کا منہ توڑ جواب دیں گے اور تحریک انصاف کے امیدواران کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور تیز رفتار تعمیروترقی کے ہداف حاصل کئے جا رہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو انجام قریب ہے۔ کبھی پانامہ اور کبھی ڈان لیکس کے ذریعے پاکستان کی ترقی کا پہیہ جام کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان تیار ہیں۔ چوہدری عابد شیرعلی نے پیپلزپارٹی کو بھی آڑھے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کس منہ سے کرپشن کی بات کرتے ہیں‘ آصف زرداری گھٹنوں تک کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے‘ اس پر بھی جے آئی ٹی بننی چاہئے‘ انہوں نے کہا کہ آج یہ لوگ لوڈشیڈنگ پر احتجاج کر رہے ہیں مگر ان کو اپنا دور بھول گیا جب 18-18 گھنٹے بجلی بند رہتی تھی اور کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے انتخابات میں بھی میاں نواز شریف کے ٹائیگر ہی جیتیں گے اور منفی سیاست کو فروغ دینے والوں کے حصہ میں صرف رسوائی آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن