انکوائریاں مکمل،20 سے زائد ایڈیشنل، سول ججز قصور وار، ذاتی شنوائی کا آخری موقع
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور سمیت دیگر اضلاع کے39 او ایس ڈی بنانے گئے جوڈیشل افسروں کے خلاف محکمانہ انکوائریاں مکمل کر لی گئیں۔ انکوائری میں قصور وار پائے گئے 20 سے زائد سول اور ایڈیشنل ججز کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کی بنیاد پر برطرف اور جبری ریٹائر کرنے سے پہلے ذاتی شنوائی کا آخری موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ایک سول جج شرافت علی ناصر کو ذاتی شنوائی کے موقع کے بعد ملازمت سے برخاست کردیاگیا۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سید منصورعلی شاہ کی زیرصدارت انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔جس میں مس کنڈیکٹ اور کرپشن کے الزامات پر او ایس ڈی بنائے گئے 39 جوڈیشل افسروں کے حوالے سے مکمل کی گئی انکوائریوں کا جائزہ لیاگیا۔ زرائع کے کے مطابق چیف جسٹس اور انتظامی کمیٹی کے ججزکو بتایا گیا کہ ان 39 ججز میں سے 20 سے زائد محکمانہ انکوائری میں قصور وار پائے گئے ہیں۔ اجلاس میں مس کنڈیکٹ اور کرپشن کا الزام ثابت ہونے پر سول جج کم جوڈیشل مجسٹریٹ شرافت علی ناصر کو پنجاب سول سرونٹ اینڈ ڈسپلنری رولز 1999 کے تحت ملازمت سے برطرف کرنے کی منظوری دی گی۔جبکہ ایڈیشنل سیشن جج ارشد حسین کے خلاف جاری ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔