ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی جمال احمد پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،محفوظ رہے ، مقدمہ درج
کراچی (این این آئی) ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی جمال احمد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی لیکن وہ محفوظ رہے ۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے جمال احمد پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بھی اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے گی ۔ وزیر قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار اور سپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو نے جمال احمد پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاملے کی تحقیقات کرکے دہشت گردوں کو گرفتار کرے گی ۔ دریں اثنا شارع نور جہاں پولیس نے جمال احمد پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ انکے محافظ بخت علی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں۔