رونا دھونا چوروں کا وطیرہ‘ عابد شیر وزیر بن گئے انسان نہ بن سکے: پی پی رہنما
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے کہا ہے کہ عابد شیر علی کی جس انداز میں تربیت ہوئی ہے وہی اسکا انداز گفتگو ہے، وہ وزیر تو بن گئے ہیں مگر انسان نہیں بن سکے۔ ہفتہ کو وزیر مملکت عابد شیر علی کی میڈیا سے گفتگو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رمیش لال نے کہا کہ حسین نواز نے ان حالات کا سامنا نہیں کیا جو ڈاکٹر عاصم حسین نے کیا، تھوڑی سی پوچھ گچھ پر رونا دھونا چوروں کا وطیرہ رہا ہے۔ قوم نے بزدل شیر کو روتے ہوئے بھی دیکھا اور بھاگتے ہوئے بھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی کیمرہ کے سامنے بھڑکیں مارنے والوں سے نواز شریف ہوشیار رہیں کیونکہ قدم بڑھائو کی راگنی گانے والے ماضی کی طرح ان کے پیچھے نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ عابد شیر کی مریم نواز کے ساتھ کیا پرخاش ہے جو چاہتے ہیں کہ ہم مریم نواز کا ذکر کریں ۔ رمیش لال نے کہا کہ پاناما نامی بیماری نے مسلم لیگ(ن)کے اعصاب چھین لئے ہیں۔