پیپلزپارٹی عدالتوں کا احترام کرنیوالی جماعت‘ کبھی حملہ نہیں کیا: پرویز اشرف
لاہور(اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو ان کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں دائر ریفرنس کی بہتر نقول فراہم کی جائیں جبکہ راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی قائل ہے۔ احتساب عدالت پرویز اشرف کے خلاف گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم کے وکلا نے ایک متفرق درخواست دی جس میں بتایا گیا کہ نیب کی جو نقول فراہم کی گئی ہے وہ پڑھی نہیں جاسکتی اس لیے ریفرنس کی بہتر نقول فراہم کی جائیں۔ ریفرنس پر کارروائی 8 جولائی تک ملتوی کردی گئی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ماضی پیپلزپارٹی کے وزرائے اعظم عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ سابق وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی عدالتوں کا احترام کرنے والی جماعت ہے اور کبھی عدالتوں پر حملہ نہیں کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے نشاندہی کی کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف نیب میں کیسز ہیں مگر ان کو کبھی کچھ نہیں کہا گیا یہ دوہرا معیار ہے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے تنقید کی کہ حکومت نے ناکام ترین خارجہ پالیسی اختیار کی اور مغربی ممالک ہمارے وزیراعظم کو تقریر تک نہیں کرنے دیتے۔