چینی باشندوں کی نعشیں ملنے تک ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوسکتی‘ وزیرداخلہ بلوچستان
اسلام آباد (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) بلوچستان کے وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کوئٹہ سے اغوا کیے گئے دو چینی باشندوں کی نعشیں ملنے تک ان کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی جانب سے ان افراد کی ہلاکت کی جو ویڈیو جاری کی گئی ہے وہ میں نے دیکھی ہے اسے دیکھنے کے بعد بظاہر ایسا لگتا ہے چینی باشندوں کو مار دیا گیا ہے لیکن ان کی ہلاکت کی سو فیصد تصدیق اس وقت کی جاسکتی ہے جب ان کی نعشیں ملیں۔ انہوں نے بتایا تاحال ان مغویوں کی مستونگ کے اس علاقے میں تلاش کا عمل جاری ہے جہاں سے ان کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد ہوئی تھی۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں فوج نے گزشتہ دنوں آپریشن کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے 12 شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا وزیرداخلہ نے کہا مارے جانے والے شدت پسندوں میں سے چند ایسے بھی تھے جن کے دولت اسلامیہ کے ساتھ رابطوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔