• news

 جوڑ میلہ میں شرکت کیلئے 14 بھارتی سکھوں کی ننکانہ آمد‘ شاندار استقبال

ننکانہ صاحب (نامہ نگار)سکھ مذہب کے مذہبی تہوار جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آئے 14بھارتی سکھ یاتری سردار سکھبندر سنگھ کی قیادت میں خصوصی بس کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچ گئے گوردوارہ جنم ا ستھان ننکانہ صاحب پہنچنے پر اے ڈی سی شاہد حسن کیانی ، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ طیب طاہر ، کئیر ٹیکر گوردوارہ جنم استھان سید عتیق گیلانی ،جنرل سیکرٹری پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار گوپال سنگھ چاولہ ،گرنتھی گوردوارہ جنم استھان گیانی دیا سنگھ سمیت ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران نے بھارتی سکھ یاتریوں کا شاندار استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں انہیں گلدستے پیش کئے ،متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق کی ہدایت پر متروکہ وقف املاک بورڈ نے ضلعی انتظامیہ اور مقامی سکھ سنگت کے تعاون سے سکھ یاتریوں کے لئے رہائش ،ٹرانسپورٹ ،لنگر اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں جس بھارتی سکھ یاتری خوش دکھائی دے رہے ہیں ،سکھ یاتریوں نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ٹرانسپورٹ ،رہائش ،لنگر اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا ۔ بھارتی سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران شہر میں واقع ساتوںگوردواروں کی یاترا کریں گے بھارتی سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے ایلیٹ فورس اور پولیس کے کڑے پہرے میں گورودوارہ سچا سودا(فاروق آباد)کی یاترا کے لئے بھی روانہ ہونگے۔مزید برآں ڈی پی او ننکانہ صاحب صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ سکھوں کے مذہبی تہوارجوڑمیلہ کی تقریبات کے لیے فول پروف سکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ان انتظامات کا مقصدبیرون مما لک اور مقامی سکھ یاتریوں اور ہندوں کی حفاظت کرنا اور ایسے انتظامات کرنا کہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونمانہ ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن