• news

پاکستان بھارت کی شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت سے تعاون کی گنجائش بڑھی: چین

بیجنگ(آئی این پی) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور بھارت کی باضابطہ شمولیت کو تنظیم کی پہلی وسعت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت شمولیت سے تنظیم کے اثرات اور باہمی تعاون کی گنجائش میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹر نیشنل کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے ایک انٹرویو میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا اس دورے کے ذریعے چین اور قازقستان کے تعاون کو ایک نئی بلندی تک پہنچایا گیا ، دونوں ملکوں نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں دو طرفہ تعلقات کی ترقی کی سمت کا تعین کیا گیا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چینی صدر کی جانب سے پانچویں مرتبہ مذکورہ اجلاس میں شرکت کی گئی ہے۔ شی جن پنگ نے متعلقہ ملکوں کے رہنمائوں کے ساتھ تنظیم کے امور اور اہم بین الاقوامی و علاقائی معاملات پر وسیع تبادلہ خیال کیا اور اس ضمن میں چین کا فارمولا پیش کیا۔ علاوہ ازیں چین کے پیش کردہ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیئو کو قازقستان اور تنظیم کے دوسرے ارکان کی جانب سے بھر پور حمایت حاصل ہوئی۔ چین اور قازقستان کے مشترکہ اعلامیہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے آستانہ بیان میں دی بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت کثیر الطرفہ تعاون اور علاقائی ور عالمی اقتصادی ترقی پر پڑنے والے اثرات کو بھر پور سراہا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن