حکومت عرب ممالک میں کشیدگی کم کرانے کیلئے کردار ادا کرے: زرداری
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و سینیٹر رحمان ملک کو سابق صدرآصف علی زرداری نے لندن بلاکراہم ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال اور مشاورت کی گئی۔ سینیٹررحمان ملک نے آصف علی زرداری کوملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مشرق وسطیٰ سمیت بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیاگیا، ملاقات میں عرب ممالک کے درمیان جاری تناؤکے حوالے سے سابق صدرکوآگاہ کیاگیا۔ رحمان ملک کے مطابق سابق صدر نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت عرب ممالک میں کشیدگی کم کرنے میں اپناکرداراداکرے ۔ سابق صدرآصف علی زرداری نے مسلم ممالک میں کشیدگی پرگہری تشویش کا اظہارکیا۔ رحمان ملک نے کہاکہ پاکستان قوم امت مسلمہ میں اتفاق و اتحاد چاہتی ہے۔