مشکوک گفتگو‘ سلووینیا سے برطانیہ جانے والے طیارے کی جرمنی میں ہنگامی لینڈنگ‘ 3 برطانوی شہری گرفتار
برلن (بی بی سی) سلوینیا سے برطانیہ جانے والی ایک پرواز کے پائلٹ نے اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جب انہیں خبردار کیا گیا کہ طیارے میں کچھ مسافر مشکوک گفتگو کر رہے ہیں۔ ایزی جیٹ ائر لائن میں سوار تین افراد کو لینڈنگ کے بعد حراست میں لے لیا گیا ہے۔ طیارہ یوبیانہ سے سٹین سٹیڈ جا رہا تھا تاہم اسے جرمنی کے بون ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ طیارے میں 151 مسافر سوار تھے جنہیں طیارے سے اتار لیا گیا اور پھر فلائٹ میں تین گھنٹے کی تاخیر کی گئی۔ گرفتار ہونے والے تینوں افراد کے سامان کو ایک کنٹرولڈ دھماکے میں تباہ کر دیا گیا۔ ہوائی اڈے کے ترجمان نے طیارے کی لینڈنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس سے پہلے، پائلٹ کو طیارے کے اندر مشکوک گفتگو کے بارے میں مطلع کیا گیا، اس کے بعد انہوں نے طیارے کو بغیر شیڈیول کے کولون بون ایئرپورٹ پر اتار لیا۔ 151 مسافر ایمرجنسی سلائیڈ کے ذریعے باہر نکلے اورانہیں ٹرانزٹ گیٹ سے باہر نکالا گیا۔ مسافروں کو فوری چیکنگ کے عمل سے گزرنا پڑا جبکہ طیارے کی بھی اضافی تلاشی لی گئی۔ کولون پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دیگر مسافروں نے جہاز کے عملے کو تین مسافروں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتایا۔ پولیس نے تفصیلات تو نہیں بتائیں تاہم یہ کہا کہ گفتگو میں'دہشت گردی' کے بارے میں بات ہوئی تھی۔