چیمپئنز ٹرافی: پاکستان آج سری لنکا سے مقابلہ کیلئے تیار‘ دونوں ٹیموں کی لندن میں مشقیں
لندن(چودھری اشرف) آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں سیمی فائنل مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان ٹیم آج بروز پیر کو صوفیا گارڈن کارڈف میں سری لنکا کے مد مقابل ہوگی۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ گروپ بی میں پاکستان کرکٹ ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے جس کا رن ریٹ منفی 1.544 ہے، جیت کی صورت میں ہی پاکستان ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکے گی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف لیگ میچ میں ڈک ورتھ لوئس کے تحت 19 رنز سے کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم کے سکواڈ کو ہی سری لنکا کے خلاف میدان میں اتارا جائے گا۔ سری لنکن ٹیم نے بھارت کے خلاف میچ میں سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے پہلے ہی پاکستان ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رکھی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان اب تک 147 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان ٹیم نے 84 جبکہ سری لنکن ٹیم کو 58 میچز میں کامیابی مل چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ ٹائی جبکہ چار بے نتیجہ رہے ہیں۔ صوفیا گارڈن کارڈف میں دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ آمنے سامنے ہونگی۔ گذٹتہ روز دونوں ٹیموں نے کارڈف کے صوفیا گارڈن گراونڈ میں بھرپور پریکٹس میں حصہ لیا۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی۔